خطے میں باہمی احترام کی بنیاد پر دو ستانہ تعلقات چاہتے ہیں پاکستان

خطے میں باہمی احترام کی بنیاد پر دو ستانہ تعلقات چاہتے ہیں پاکستان

کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک +آن لائن +اے این این)وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے خارجہ ماور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک سے باہمی احترام کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات چاہتاہے، پاکستان نے بھارت کیلئے جذبہ خیرسگالی کا اظہار کیا، بھارت نے جارحانہ عزائم کے باعث مثبت جواب نہیں دیا ۔ وہ اتوار کو یہاں خارجہ تعلقات کونسل کے ایک تحقیقی مقالے کے اجرا کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تحقیقی مقالے میں تاریخی تجارتی راستوں خصوصا شاہراہ ریشم کی بحالی کی اہمیت واضح کی گئی ہے جو چین کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ملکوں خصوصاً ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات چاہتا ہے لیکن خطے میں کسی کی چوہدراہٹ قبول نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے فورا بعد پاکستان نے بھارت کے لئے جذبہ خیرسگالی کا اظہار کیا تھا لیکن بھارت نے خطے میں بالادستی کے اپنے جارحانہ عزائم کے باعث اس پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔ طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان عوام اور حکومتوں کی سطح پر غیر معمولی اور بہترین مفاہمت پائی جاتی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان آزمودہ تعلقات ہیں۔

مزید : علاقائی