پٹرولی کی قیمت میں مزید کمی سے یومیہ کھپت 18 ہزار میٹرک ٹن ہوگئی

پٹرولی کی قیمت میں مزید کمی سے یومیہ کھپت 18 ہزار میٹرک ٹن ہوگئی

اسلام آباد(آئی این پی) پٹرولیم کی قیمت میں مزید 8 روپے فی لیٹر کمی کے نتیجے میں یومیہ مکعب کھپت بڑھ کر 18 ہزار میٹرک ٹن ہوگئی‘ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس پٹرول کا ذخیرہ صرف 5 روز کا رہ گیا‘ اگر رواں ماہ کے دوران 3 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن کے آرڈر نہ پہنچے تو ملک میں دوبارہ پٹرول کی قلت کا بحران سر اٹھا سکتا ہے ، ترجمان وزارت پٹرولیم نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پٹرول کی قلت کا کوئی امکان نہیں۔ اتوار کے روز پٹرول کی قیمت میں مزید 7 روپے 99 پیسے فی لیٹر کمی کے نتیجے میں ملک بھر میں پٹرول کی یومیہ کھپت بڑھ کر 18 ہزار میٹرک ٹن سے بڑھ جائے گی۔ اس حوالے سے ترجمان وزارت پٹرولیم نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ملک بھر میں پٹرول کی قلت کا کوئی امکان نہیں۔ رواں ماہ کے دوران مزید 11 جہاز 3 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن پٹرول لے کر کراچی پہنچیں گے جبکہ اس وقت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس پٹرول کا 90 ہزار میٹرک ٹن ذخیرہ موجودہ ہے۔ واضح رہے کہ 18 ہزار میٹرک ٹن یومیہ کھپت کے حساب سے اس وقت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس پٹرول کا صرف پانچ روز کا ذخیرہ موجودہ ہے جبکہ رواں ماہ کے دوران آنے والے ساڑھے تین لاکھ میٹرک ٹن پٹرول کے آرڈر بھی ساڑھے 19 روز کیلئے کافی ثابت ہوں گے۔ یوں اس بات کا خدشہ موجود ہے کہ اگر رواں ماہ کے دوران مذکورہ بالا آرڈر بروقت کراچی پورٹ پر نہ پہنچے تو ملک میں ایک مرتبہ پھر پٹرول کی قلت کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

مزید : صفحہ اول