لاہور،اسلام آباد، بالائی وسطی پنجاب اور کشمیر میں بارش کاا مکان

لاہور،اسلام آباد، بالائی وسطی پنجاب اور کشمیر میں بارش کاا مکان

لاہور (وقائع نگار) محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی ہوائیں ملک میں داخل ہو گئی ہیں جس کے باعث آج سے لیکر منگل تک صوبائی دارالحکومت سمیت اسلام آباد، بالائی وسطی پنجاب کے ساتھ گلگت بلتستان و کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔ جن علاقوں میں بارش متوقع ہے ان میں راولپنڈی، سرگودھا ، فیصل آباد، ساہیوال ، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، خیبر پختونخواہ میں پشاور، کوہاٹ، مالاکنڈ، مردان، ہزارہ، بنوں، ڈی آئی خا ن ڈویژن شامل ہیں اور مری اور گلیات سمیت پہاڑوں پر برف باری کی بھی پیشنگوئی ہے ۔ اس دوران گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ شمالی بلوچستان کے علاقے کوئٹہ، ژوب، قلات ڈویژن، جنوبی پنجاب کے علاقے ملتان ، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن اور بالائی سندھ کے علاقے سکھر، لاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ مری ، گلیات ،پاراچنار ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اچھی برفباری کی پیشنگوئی ہے گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت سکردو ، مالم جبہ میں منفی 08 ڈگری سنٹی گریڈ، جبکہ استور منفی 07 ، ہنزہ منفی 04 ، دروش منفی 03 ، کالام، گلگت، راولاکوٹ، قلات منفی 02 اور مری میں منفی 01 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کالام میں 08 ملی میٹر جبکہ دیر، پٹن 05 ، چترال، سیدو شریف 02 ، لوئر دیر 01 اور اسلام آباد، راولپنڈی ، منڈی بہاؤالدین، پشاور، مظفر آباد، دروش ، بالاکوٹ، ہنزہ میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ مالم جبہ 06 اور مری میں 01 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ دیگر شہروں میں ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد میں دو، لاہور میں چھ ، کراچی میں بارہ ، پشاور میں پانچ ، کوئٹہ میں تین ، مری میں منفی ایک ، فیصل آباد میں پانچ ، ملتان میں سات اور حیدر آباد میں دس سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

مزید : صفحہ اول