حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو نہیں پہنچایا،جمشید چیمہ

حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو نہیں پہنچایا،جمشید ...

  

 لاہور(وقائع نگار) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونیوالی کمی کا پورا فائدہ بھی عوام کو منتقل نہیں کیا اور اپنا ’’حصہ‘‘ نکال لیا ہے ،جب تک حکومت بلا جواز عائد ٹیکسز ختم نہیں کرتی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ حقیقی معنوں میں غریب عوام تک منتقل نہیں ہو سکتا ۔ گزشتہ روز اپنے دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی حکومت کا کارنامہ نہیں اور حکمران بھی اس سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ حکومت نے خود تسلیم کیا ہے کہ عالمی منڈی میں جس سطح پر قیمتیں کم ہوئی ہیں حکومت نے اسے مکمل طور پر عوام کو منتقل نہیں کیا اور ڈیوٹی کو جواز بنا کر عوام کی جیبوں پر 28ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا ہے کیونکہ ہر معاملے میں اپنا ’’ حصہ ‘‘ نکالنا حکمرانوں کا وطیرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ذمہ داران کے بیانات سے واضح ہے کہ وہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام سے راہ فرار اختیار کر چکے ہیں جسکے خلاف تحریک انصاف جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران ہر وقت گڈ گورننس کا رونا روتے رہتے ہیں لیکن چوہدری سرورنے گورنر پنجاب کا عہدہ چھوڑنے کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ بھی پیش کر دی ہے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -