نعیمین ایسوسی ایشن کی گستاخانہ خاکوں کے خلاف عشق رسول ﷺریلی
لاہور (جنرل رپورٹر) نعیمین ایسوسی ایشن حلقہ گڑھی شاہو، جماعت علماء اہلسنت کے زیر اہتمام گزشتہ روز پاک فوج کی حمایت اور گستاخانہ خاکوں کیخلاف عشق رسول ریلی تھانہ گڑھی شاہو تا پریس کلب ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ راغب حسین نعیمی، چیئرمین نعیمین ایسوسی ایشن علاقہ گڑھی شاہو علامہ محمد رمضان شاد، مرکزی صدر نعیمین ایسوسی ایشن پروفیسر وارث علی شاہین، صدر جماعت علماء اہلسنت حلقہ گڑھی شاہو مولانا ثناء اللہ سیالوی، نوجوان مذہبی سکالر قاری محمد امیر ودیگر رہنماؤں نے قیادت کی۔ ریلی میں باجا لائن، گڑھی شاہو، محمد نگر، انجن شیڈ سے شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ لاہور پریس کلب کے سامنے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالر جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے عالمی سطح پر قواعدوضوابط طے کئے جائیں ۔کسی بدبخت کو نبی رحمتؐ کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ محبت رسول کے بغیر دعویٰ ایمان نامکمل ہے۔ نبی کریمؐ کی ناموس کی حفاظت ہرمسلمان کا اولین فرض ہے۔ مغرب کا ناموس انبیاء کے حوالے سے دوہرا معیار عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔ مغرب ناموس انبیاء پر دوہرا معیار ختم کرکے دیگر مذاہب کی طرح نبی رحمتؐ کی ناموس کے لئے قانون سازی کرے۔ ۔۔ ۔ ۔ ہر چیز پر سمجھوتہ ہو سکتا ہے لیکن ناموس نبیؐ پر سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ او آئی سی ڈنر کلب بن چکی۔ مسلم ممالک اپنے دفاع اور ناموس رسالتؐ کے حفاظت کے لئے اپنا مشترکہ بلاک تشکیل دیں۔ مسلم قوم اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے تعلیم اور امن کی راہ کو اپنائے۔انہوں نے مزید کہاکہ تعلیم کے میدان میں مستحکم ہوئے بغیر دنیا کو فتح نہیں کیا جا سکتا۔ دنیا میں حکمرانی کے لئے مسلم ممالک کے حکمرانوں کو صداقت، عدالت اور شجاعت کو اپنا جزو لازم بنانا ہوگا۔ مدارس قوم کے لئے امن کی علامت ہیں۔ حکومت امن کے لئے قومی ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد کرائے۔ مدارس مقدس گائیں کا نام نہیں بلاامتیاز چھان بین کی جائے۔ اہل سنت اپنے تمام مدارس کی رجسٹریشن اور چھان بین کے لئے حکومت کے ساتھ ہر تعاون کے لئے تیار ہیں۔بلاوجہ مدارس کو بدنام نہ کیا جائے۔ غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے والے مدارس کا محاسبہ کیا جائے۔ امن کے لئے اہل سنت کی تمام جماعتیں سیاسی وعسکری قیادت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نعیمین ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر پروفیسر وارث علی شاہین نے کہا کہ نبی کریمؐ سے محبت اصلی ایمان ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ناقابل برداشت ہے۔ مولانا ثناء اللہ سیالوی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاع ناموس رسالت کے لئے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دینگے۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت دنیا میں سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔ مغرب عالمی امن کا خواہاں ہے تو توہین انبیاء کے خلاف عالمی سطح پر قانون سازی کرے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی توہین انبیاء کیخلاف جلد قانون سازی کریں۔ نعیمین ایسوسی ایشن گڑھی شاہو کے صدر قاری محمد امیر قادری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا نے کہا حکومت پاکستان ودیگر مسلم ممالک کے سربراہان فرانس سے فی الفور سفارتی تعلقات ختم کریں۔ مسلم تاجر فرانس کی مصنوعات مکمل بائیکاٹ کریں۔ ریلی کے اختتام پر آپریشن ضرب عضب کی کامیابی وطن عزیز کے استحکام اور اسلام کی سربلندی کے لئے دعا کی گئی۔