دہشتگردوں اور انتہا پسندو ں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں،شاویز خان
لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ (ن )کے رکن پنجاب اسمبلی محمد شاویز خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے یہ پاکستان کی جنگ ہے آج پاکستان کو ایک فیصلہ کن گھڑی کا سامنا ہے ہم سب نے ملکر پاکستان کا کھویا ہوا امن اسے ہرقیمت پر لوٹانے کا عزم کر لیا ہے اور فیصلہ کر لیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کیلئے پاک سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔ جلد پاکستان اور پاکستانی عوام امن کے دشمنوں پر فتح حاصل کریں گے اور پاکستانی قوم اس جنگ میں سرخرو ہو گی۔قوم کے پختہ عزم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے ایک ایسی مملکت جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناحؒ اورعلامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا ۔جہاں پر انصاف کا بول بالا ہو،یکساں ترقی کے مواقع ہوں،تعلیم اور صحت کی سہولتیں سب کیلئے ہوں،خوشحالی ہو اورامن ہو۔اب تک 50ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرچکے ہیں جس کی نظیرتاریخ میں نہیں ملتی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پاکستان کے بھر پور عزم اور پختہ ارادے کا بھر پور اظہار ہے اور دنیا کیلئے پاکستان کے عزم کا اس سے بڑا کوئی ثبوت نہیں ہوسکتا