پٹرولیم مصنوعات کے تناسب سے بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں،سید بلال شیرازی
لاہور(خبرنگار) مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے تناسب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔انہوں نے حکومت کی جانب سے نیپرا کو بجلی3روپے20پیسے فی یونٹ سستی کرنے سے روک دینے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب بھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا حکومت نے فوری طور پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ کرکے عوام پر بوجھ ڈال دیا اب جبکہ پٹرولیم مصنوعات بین الاقوامی سطح پر44ڈالر فی بیرل ہوکر چھ سال کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اب بھی پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا ریلیف بجلی سستی کرنے کی صورت میں عوام تک منتقل نہ کرنا تشویشناک ہے ۔سید بلال مصطفی شیرازی نے پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی بڑھا کر27فیصد کرنا عوامی ریلیف میں رکاوٹ ہے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہضم نہیں ہورہی اور وہ بہانے بہانے سے جی ایس ٹی بڑھا کر عوام کے ریلیف میں ڈاکہ مار کر خزانہ بھر رہی ہے جائز جی ایس ٹی کی بجائے تاریخ ساز جی ایس ٹی 27فیصد ظالمانہ ٹیکس ہے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی کیلئے بجلی کی قیمت میں 30 پیسے فی یونٹ اضافہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حیرانی کی بات ہے کہ پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود بجلی مہنگی کی جارہی ہے حالانکہ اس سے قبل فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں ہر ماہ ہوشربا اضافہ کیا جاتا رہا ہے لیکن پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں کوئی کمینہیں کی گئی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی اسی تناسب سے کمی کی جائے ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں اب تک کیئے گئے تمام اضافے واپس لے کر بجلی سستی کی جائے تاکہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا ریلیف عوام تک پہنچ سکے۔ کیونکہ مہنگی بجلی کے باعث بجلی بلوں کی ادائیگی سفید پوش اور غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے۔ عوام اب حکومتی وعدوں کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ریلیف چاہتے ہیں جو فوری طور پر بجلی کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں ان کو فراہم کیا جائے۔