وی وی آئی پیز کیلئے کھانے پینے کی اشیا والا کنٹینر خریدنے کا فیصلہ

وی وی آئی پیز کیلئے کھانے پینے کی اشیا والا کنٹینر خریدنے کا فیصلہ
وی وی آئی پیز کیلئے کھانے پینے کی اشیا والا کنٹینر خریدنے کا فیصلہ

  

لاہور(ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ شہبازشریف سمیت و ی وی آئی پیز کے لئے کھانے پینے کی اشیا والے خصوصی ’’ریفر کنٹینرٹرک‘‘ خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے قواعدو ضوابط کے برعکس محکمہ خزانہ پنجاب کو فوری طورپر کنٹینر کی خریداری کے لئے ساڑھے 33لاکھ روپے سپلیمنٹری گرانٹ سے جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں۔ کنٹینر دوحصوں پر مشتمل ہو گا، ایک سائیڈ ٹھنڈی اور دوسری شدید گرم ہو گی، جہاں کھانے پینے کی اشیارکھی جائیں گی، وزیراعلیٰ جہاں جائیں گے وہاں یہ کنٹینر پہلے سے موجود ہوگا۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے مطابق چند روز قبل وزیراعلی ٰشہبازشریف کو کھانے کی اشیاپیش کی گئیں تو وہ ٹھنڈی تھیں ، کئی میٹنگز کے دوران بھی بعض اشیاٹھنڈی ملیں،جبکہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہونیوالی ایک میٹنگ کے دوران آئس کریم آئی تو وہ کم ٹھنڈی تھی، جس پر اعلیٰ حکومتی عہدیدار برس پڑے اور اس معاملے کا نوٹس لیا اور سپیشل سیکرٹری کو احکامات دئیے کہ سرکاری فنڈز سے جو خریدنا ہے خرید لیا جائے مگر اشیاجو ٹھنڈی ہوتی ہیں وہ ٹھنڈی ملیں اور جو گرم ہونی چاہئیں وہ گرم ہوں۔

سپیشل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ نے ایک سمری چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیا ت گوندل کو بھجوائی جس میں کہا گیا کہ وہ فوری طورپر خصوصی کنٹینر کی خریداری کے لئے اقدامات کریں۔ مقامی اخبار دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ٹرک پر 33لاکھ 50ہزار روپے کے اخراجات آئیں گے ، لہذا اس کی منظوری دی جائے ، اخبارکے مطابق وزیراعلیٰ نے قواعدو ضوابط میں خصوصی نرمی برتتے ہوئے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے ، آسٹریٹی کمیٹی سے اس کی منظوری تاحال نہیں لی گئی۔ ایس اینڈ جی اے ڈی حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے جوحکم ملا اس کے مطابق سمری بھجوائی گئی ہے۔

مزید :

لاہور -