آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دہشت گردوں کو وارننگ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دہشت گردوں کو وارننگ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایوانِ صدر میں فلسطینی صدر محمود عباس کے اعزاز میں عشائیے کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں دہشت گردوں اور ان کے سر پرستوں پر واضح کیا ہے کہ وطنِ عزیز میں امن و امان کی مکمل بحالی تک دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ دہشت گردوں کو کسی صورت واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کی کارروائیوں کے جلد اور مکمل خاتمے میں رکاوٹوں کے بارے میں بھی بتایا کہ پاک افغان سرحد بہت طویل اور پیچیدہ ہے۔ پاکستان نے حفاظتی اقدام کرتے ہوئے سرحد پر فوج کو بہتر انداز میں تعینات کررکھا ہے لیکن افغانستان کی طرف سر حدی علاقے میں حفاظتی انتظامات ڈھیلے ہونے کی وجہ سے دہشت گردوں کو پاکستان آکر دہشت گردی کرنے کا موقع آسانی سے مل جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی موجودگی کے باعث بھی یہاں دہشت گردی کے اکا دکا واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ ضروری ہے کہ تمام افغان مہا جرین جلد از جلد واپس افغانستان چلے جائیں۔ دہشت گردی کی جنگ میں ہماری مسلح افواج کی کامیابیاں لائقِ صد تحسین ہیں،جن پر قوم بجا طور پر فخر کرتی ہے۔ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہاں اپنی حکمت عملی اور عزم صمیم کے حوالے سے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کھل کر وارننگ دی ہے، وہاں وہ مشکلات بھی بیان کردی ہیں، جن کی وجہ سے دہشت گردی کی جنگ جاری ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جنگ جاری رکھنے اور پاکستان کی زمین کسی کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کی دو ٹوک گفتگو کر کے ملک دشمن قوتوں کو محتاط رہنے کا بھرپور پیغام دیا ہے۔

مزید :

اداریہ -