پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ باعث تشویش ہے : پیاف
لاہور(پ ر)پیاف نے کہا ہے کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی تکمیل توانائی بحران کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی خصوصی نگرانی اور ذاتی دلچسپی کے باعث ساہیوال کول پاور پراجیکٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہونا خوش آئند ہے، ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی کے ہمراہ تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کیلئے1500ٹن کوئلے کی کھپت کیلئے پہلی ٹرین کی ساہیوال پراجیکٹ پر آمد سے پراجیکٹ تیزی سے کام کرے گا 1320میگا واٹ بجلی کی فراہمی سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی ہوگی اور انڈسٹریز کو اسی کی ضروریات کے مطابق بجلی کی فراہمی سے صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے حکومت کاصنعتی ترقی کا ویژن بھی پورا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیگر توانائی پراجیکٹ کی تکمیل سے2018 میں توانائی بحران کا مکمل خاتمہ ہوگا اور لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن جائے گی۔دوسری طرف پیاف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک ماہ میں دوسری بار اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اشیاء و خدمات کی پیداوار ی لاگت میں مزید اضافے کا باعث بنے گا جو صنعتکاروں اور تاجروں پر مزید بوجھ ہوگا جو کہ کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس زیادہ ہونیکی وجہ سے پہلے ہی پریشان ہیں۔ چیئر مین عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ملک میں اقتصادی اصلاحات کا عمل جاری ہے جس سے معیشت میں قدرے بہتری آرہی ہے مگر مہنگائی اس کا اثر زائل کر دیتی ہے ۔پیاف کے عہدیداران نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لئے کاروبار فرینڈلی اورعوام دوست فیصلے کیے جائیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کے حالیہ اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ صنعت کاروں ، تاجر برادری کو پیداواری لاگت میں مزید اضافے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔