محمدزبیرعمرصوبے کو خوشحال بنانے میں بہترین کردار ادا کریں گے،یو بی جی
کراچی(این این آئی) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز،مرکزی سینئروائس چیئرمین عبدالحسیب خان،یو بی جی سندھ کورکمیٹی کے چیئرمین خالدتواب، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،حنیف گوہر،عبدالسمیع خان،ممتاز شیخ،نوراحمدخان،نقی باڑی،ناصر الدین شیخ،مس تاجوربیگ،مریم چوہدری اور فرزانہ خان نے اپنے مشترکہ تہنیتی پیغام میں سندھ کے نامزد گورنرمحمد زبیرعمر کو مبارکباد دیتے ہوئے بطور گورنر سندھ انکی تعیناتی کو صوبہ سندھ کیلئے خوش آئند قرار دیاہے۔یو بی جی رہنماؤں نے کہا کہ محمد زبیرایک ایماندار، تعلیم یافتہ،قابل شخص ہیں جنہوں نے وفاق میں رہ کر اپنی بہترین کارکردگی سے متاثر کیا ہے اور وہ اپنی اسی قابلیت کا بہترین استعمال صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کی ترقی ،خوشحالی اور امن اومان کی بہتری کیلئے کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ نامزد گورنر سندھ محمد زبیر نے بین الاقوامی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ادارے اور چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئرمین کے عہدے پر اپنے فرائض بخوبی انجام دیئے ہیں ،وہ تاجروں وصنعتکاروں کے مسائل سے بھی بخوبی آگاہ ہیں اور قوی امکان ہے کہ شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے اور کراچی کوجگمگاتا شہربنانے میں محمدزبیرعمربہترین کردار ادا کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ محمدزبیر نے ملکی معیشت کی بہتری کے لئے پالیسیاں مرتب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیاہے اور وہ وزیراعظم کی ٹیم کے قابل اعتماد ممبر ہیں،انہیں بزنس کمیونٹی کا بھی بھرپور اعتماد حاصل ہے،وہ کراچی کے قابل فخر سپوت ہیں اس لئے بزنس کمیونٹی کو یقین ہے کہ نامزد گورنر سندھ حلف اٹھانے کے بعد پاکستان ، صوبہ سندھ اور خصوصاً شہر کراچی کی ترقی اور انفرااسٹرکچر کی بہتری میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔یو بی جی رہنماؤں نے نامزد ہونے والے گورنر سندھ کو صوبہ اور شہر کی ترقی اور استحکام کے لئے اپنی اور پوری بزنس کمیونٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔