حنیف گوہر کاورلڈ بینک کے طویل المیعاد ہاؤسنگ قرضوں کے اجراء کا خیرمقدم

حنیف گوہر کاورلڈ بینک کے طویل المیعاد ہاؤسنگ قرضوں کے اجراء کا خیرمقدم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(این این آئی)وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت(ایف پی سی سی آئی) کے سابق نائب صدر اور آباد کے سابق چیئرمین محمد حنیف گوہر نے ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے طویل المیعاد ہاؤسنگ قرضوں کے اجراء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور بلواسطہ اوربلاواسطہ لاکھوں افراد کوروزگار ملے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ تجارتی بینک مکانات کی تعمیر کی بجائے بڑے گھروں کی خریداری کیلئے قرضوں کامحدود پیمانے پر اجراء کررہے ہیں جس کے باعث ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن انڈسٹری کوفروغ حاصل نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بینکنگ سیکٹر نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طورپر صرف چار ارب روپے کے ہاؤسنگ قرضے جاری کئے ہیں جن میں سے ایک ارب83کروڑ روپے کے قرضے نجی اور اسلامک بینکوں کے اور ایک ارب 63کروڑ روپے کے قرضے ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ(ایچ بی ایف سی ایل) نے جاری کئے ہیں۔ ان قرضوں میں تجارتی بینکوں کا حصہ بہت کم ہیں جبکہ سب سے زیادہ ڈپازٹس انہی بینکوں کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جی ڈی پی کی نسبت ہاؤسنگ قرضوں کا تناسب0.5فیصد ہے جودنیا میں سب سے کم ہے۔ انہوں نے ہاؤسنگ فنانس کے فروغ کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک کے کردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو مکانات کی تعمیرکیلئے ورلڈ بینک‘ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی) سمیت عالمی مالیاتی اداروں سے مذاکرات کرکے انہیں پاکستان میں طویل المیعاد ہاؤسنگ فنانس پرآمادہ کرناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے سے حکومت کی ٹیکس آمدنی میں خطیر اضافہ ہوگا کیونکہ72اقسام کی ہزاروں صنعتیں کنسٹرکشن انڈسٹری سے منسلک ہیں۔ ہاؤسنگ فنانس بڑھنے سے ان صنعتوں کوبھی فروغ حاصل ہوگا۔

مزید :

کامرس -