غلط امپائرنگ بھی میچ کا حصہ ہے، مورگن تنازع نہ کھڑا کریں: بمرا

غلط امپائرنگ بھی میچ کا حصہ ہے، مورگن تنازع نہ کھڑا کریں: بمرا

بنگلور(اے پی پی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا نے کہا ہے کہ میچ میں ایمپائر کے غلط فیصلے کبھی ہمارے اور کھبی مخالف ٹیم کے حق میں جاتے ہیں، کرکٹ میں ایسا ہوتا رہتا ہے اسلئے ہمیں ان فیصلوں پر الجھنا نہیں چاہیے، مورگن کو بھی چاہیے کہ وہ تنازع کھڑا کرنے کی بجائے آگے بڑھیں۔ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان دوسرے ون ڈے میں ایمپائر کے غلط فیصلے انگلینڈ کیلئے مہنگے ثابت ہوئے اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا اور انگلش قائد مورگن کا کہنا ہے کہ وہ اس مسئلے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میچ ریفری کے پاس اٹھائیں گے۔ بھارتی فاسٹ باؤلر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری تمام تر توجہ انگلینڈ کے خلاف آخری میچ پر مرکوز ہے، میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔ انہوں نے انگلش کپتان کو بھی بالواسطہ طور پر دوسرے میچ میں ایمپائر کے غلط فیصلوں کو بھول کر آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ہے، ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا اسلئے ہمیں ان پر فوکس نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے ہم وطن فاسٹ باؤلر اشیش نہرا کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ تجربہ کار باؤلر ہیں اور ان کی راہنمائی ہمیشہ میرے لئے مفید ثابت ہوئی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی