حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے،ذکیہ شاہ نواز

حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے،ذکیہ شاہ نواز

لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر ماحولیات ذکیہ شاہنوازنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے لوگوں کو بچانے کے لئے مثبت اوراہم اقدامات کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے بجٹ برائے سال 2016-17میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی مد میں رکھی گئی رقوم کے مطالعے پر مبنی رپورٹ کی رونمائی کے حوالے سے تقریب کے دوران کیا۔تقریب کا اہتمام آکسفیم اور انڈس کنسورشیم کی جانب سے گرو مہم کے تحت کیا گیا تھا۔ اس موقع پر چھوٹے کاشتکاروں اور کاشتکار عورتوں کے لیے آوازاٹھانے کی مہم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ماحولیات تبدیلیوں کے نتیجے میں مقامی آبادیوں پر آنے والے اثرات سے پوری طرح آگاہ ہیں اور وہ اس حوالے سے پالیسی کی سطح کے ہر فورم پر یہ آواز اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی پالیسیوں اور منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کمر بستہ ہے اور دیہی آبادیوں کے متاثرہ لوگوں کے روزگار بچانے کے لیے ہر ممکن معاونت مہیا کی جارہی ہے۔تقریب کے دوران ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والی تباہ کاریوں پر ماہرین، سول سوسائٹی کے نمائندوں، ماہرین تدریس اور اراکین پارلیمنٹ نے تفصیلی اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا زراعت پاکستان کی معیشت کا اہم ستون اور دیہی آبادیوں کے لیے روزگار کا اہم ذریعہ ہے ۔ تقریب سے عاشق حسین بخاری، رکن صوبائی سٹیرنگ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید، پرنسپل کالج آف ارتھ و انوائرنمنٹل سائنسز، محمد محمود ، سیکرٹری زراعت پنجاب، کرن سائمن اور جمشید فرید نے بھی خطاب کیا اور ماحولیاتی تبدیلیوں اور ان کے اثرات کے ضمن میں مختلف پہلووں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1