حزب اختلاف فوجی عدالتوں کی توسیع کے معاملے میں حکومت کا ساتھ دینے کو تیار لیکن وزیر اعظم توسیع کے معاملے پر لاتعلق ہیں :شاہ محمود قریشی

حزب اختلاف فوجی عدالتوں کی توسیع کے معاملے میں حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ...
 حزب اختلاف فوجی عدالتوں کی توسیع کے معاملے میں حکومت کا ساتھ دینے کو تیار لیکن وزیر اعظم توسیع کے معاملے پر لاتعلق ہیں :شاہ محمود قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پہلے پہل فوجی عدالتوں کے معاملے پر دلچسپی ظاہر کی لیکن اس بار وہ اس معاملے سے بالکل لاتعلق دکھائی دے رہے ہیں،مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی بھرپور مخالفت کر رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر حکومت اور حزب اختلاف میں تین نشستیں ہوئیں جن میں حکومت سے چند سوالات کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ پہلا سوال یہ تھا کہ حکومت فوجی عدالتوں کی میعاد ختم ہونے سے قبل حرکت میں کیوں نہیں آئی؟ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف فوجی عدالتوں کی توسیع کے معاملے میں حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ہے، لیکن حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعتوں کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی بھرپور مخالفت کر رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سے سوال کیا کہ کیا اس نے اپنے سیاسی حلیفوں کو اس معاملے پر قائل کیا ہے؟ لیکن اس سوال کا واضح جواب نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے ایک سوال یہ بھی ہے کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پارلیمانی رہنماوں کو بریفنگ دینے کو تیار کیوں نہیں ہیں؟۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے جو حصے فوجی قیادت کی جانب سے پورے کیے جانے تھے وہ کر دیئے گئے ہیں، مثلا نیشنل ایکشن پلان کامیابی سے آگے بڑھا اور فوجی عدالتوں کی جانب سے بھی موثر کام کیا گیا، لیکن حکومت کی جانب سے جو کردار ادا کیا جانا چاہئے تھا وہ ادا نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ملک میں موثر تبدیلی آئی ہے یا نہیں ؟ اگر تبدیلی آئی ہے تو ہم نے آگے کیسے بڑھنا ہے اور نہیں آئی تو مستقبل کے لئے کیا لائحہ عمل ہونا چاہیے؟۔

مزید :

قومی -