ریاست کی ذمہ داری ہے کہ توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال کو روکے،جھوٹا الزام لگانے والے کو سزا دی جائے:علمائے کرام

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے کہا ہے کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال کو روکا جائے،جھوٹا الزام لگانے والے کو سزا دی جائے۔
مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام مولانا تقی عثمانی،علامہ راغب نعیمی،علامہ امین شہیدی اور مفتی محمد نعیم نے ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر ثبوت کے کسی پر الزام لگانے کو جرم قراردیا ہے،میڈیا اور کمرے میں کہی گئی بات میں فرق ہوتا ہے،جو بھی کوئی توہین رسالت کا الزام لگاتا ہے اسے ثابت بھی کرنا چاہیے،جس پر الزام لگے اس پر ثابت ہوجائے تو اسے ضرور سزا ملنی چاہیے اور جو الزام لگائے اور ثابت نہ کرسکے تو اسے بھی سزا ملنی چاہیے،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ آئین قانون کے تحت غلط الزام لگانے والے کو سزا دی جائے۔
مفتی محمد نعیم کا کہنا تھا کہ ممتاز قادری نے ریاستی معاملات کو اپنے ہاتھ میں لے کر غلط اقدام کیا تھا،انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کسی کو قانون اپنے میں نہیں لینا چاہیے نہ کسی کو توہین رسالت کے قانون کو غلط استعمال کرنا چاہیے،توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال کو روکا جائے،جنید جمشید پر بھی توہین رسالت اور توہین صحابہ کا الزام لگایا گیا تھا جس کے باعث وہ ملک سے باہر رہے۔