اردن کے شاہ عبداللہ کی امریکاکے نائب صدر مائیک پینس کے ساتھ ملاقات

اردن کے شاہ عبداللہ کی امریکاکے نائب صدر مائیک پینس کے ساتھ ملاقات

واشنگٹن (اے پی پی) اردن کے شاہ عبداللہ نے امریکاکے نائب صدر مائیک پینس کے ساتھ ملاقات کی۔ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق اردن کے شاہ عبداللہ اپنے دورہ امریکا کے دوران ملاقاتوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔اپنی مصروفیات کے دوران انہوں نے سب سے پہلے ناشتے پر امریکا کے نائب صدر مائیک پینس کے ساتھ ملاقات کی۔مذاکرات کے بعد اپنے بیان میں پینس نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے شاہ عبداللہ کے ساتھ دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جدوجہد میں تیزی لانے کے لئے ضروری اقدامات پر غور کیا۔

اس کے علاوہ امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی پر بھی بات چیت کی گئی۔بعد ازاں شاہ عبداللہ پینٹاگون گئے جہاں وزیر دفاع جیمز میٹیس نے ان کا استقبال کیا۔یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے کہ جب ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے 7 مسلمان ممالک کے لئے ویزے کی پابندی کا موضوع ابھی زیر بحث ہے۔توقع ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ (آج)جمعرات کو شاہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔واضح رہے کہ اردن کے شاہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ملاقات کرنے والے پہلے عرب رہنما ہیں۔

مزید : عالمی منظر