شام ، مسلح اپوزیشن کاوادی بردی سے انخلاء ، ادلیب روانگی کی تیاری
دمشق (اے پی پی) شام میں اپوزیشن کے مسلح جنگجوؤں نے دارالحکومت دمشق کے نزدیک واقع علاقے وادی بردی سے کوچ کی تیاری کر لی ہے۔ اپوزیشن گروپوں کے یہ جنگجو اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ شام کے شمال میں ادلیب کا رخ کریں گے۔ یہ اقدام جنگجو گروپوں اور شامی حکومت کی فوج کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے۔ایک غیر ملکی نیوز ایجنسی کو موصول ہونے والے وڈیو کلپ میں تقریبا 20 بسیں ان جنگجوؤں اور ان کے متعلقین کو منتقل کرنے کے لیے تیار کھڑی نظر آ رہی ہیں۔اس سے قبل شامی فوج نے اپوزیشن گروپوں کے ساتھ تقریبا ایک ماہ سے زیادہ جاری رہنے والے معرکوں کے بعد وادی بردی کے پورے علاقے پر کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ علاقہ شامی دارالحکومت کو پانی کی فراہم کے حوالے سے مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔