دولتِ اسلامیہ سے بچنے کے لیے برطانوی جنگجو نے خودکشی کی
دمشق(کے پی آئی)شام میں جاری لڑائی میں حصہ لینے والے ایک برطانوی شخص نے دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں گرفتار ہونے سے بچنے کے لیے خود کو گولی مارلی۔20 سالہ رائن لاک کا تعلق مغربی سسیکس کے علاقے سے تھااورانھوں نے رقہ میں دولتِ اسلامیہ کے ساتھ جنگ کے دوران 21 دسمبر کو اپنے آپ کو گولی ماری۔رائن کرد فوج کے ہمراہ رضا کارانہ طور پر لڑ رہے تھے۔کرد فورس نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ رائن کی ٹھوڑی کے نیچے موجود زخم سے علم ہوتا ہے کہ یہ خود کشی ہے۔ذرائع کے مطابق جابار نامی گاوں میں پانچ جنگجو دولتِ الامیہ کے گھیرے میں آ گئے تھے اور مرنے سے پہلے انھوں نے کافی مزاحمت کی۔
ان کی لاشیں ملنے پر پتا چلا کہ بظاہر برطانوی جنگجو نے دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں پکڑے جانے سے بچنے کے لیے خود کشی کر لی تھی۔ایک رپورٹ کے مطابق گولی کا زخم بتا رہا ہے کہ بندوق ٹھوڑی کے ساتھ رکھ کر گولی چلائی گئی۔ جس سے نتیجہ اخد کیا جاتا ہے کہ جنگجو نے خود کشی کی تھی۔انسانی حقوق کے کرد کارکن مارک چیپل کاکہنا تھا شاید رائن کا دولتِ اسلامیہ کے ہاتھ لگنے کے بجائے خود کشی کرنا اچھا فیصلہ تھا۔ اس بہادری کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔میرا ذاتی خیال یہ ہے کہ وہ اپنی بہادری کے لیے اعلیٰ فوجی اعزاز کے مستحق ہیں۔رائن لاک جو پیشے کے لحاظ سے ایک باورچی تھے اگست میں شام گئے جبکہ دوستوں اور خاندان کو بتایا کہ وہ چھٹیاں منانے ترکی جا رہے ہیں۔منگل کو ان کی لاش عراق لائی گئی جہاں سے اسے برطانیہ منتقل کیا جائے گا۔