نوجوان کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے پر 15ملزمان کیخلاف مقدمہ
جڑانوالہ (نامہ نگار)نوجوان کو اغوا کے بعد مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے والے 9نامزد افراد سمیت 15ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ۔ ایک گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق نواز کالونی جڑانوالہ کے رہائشی امجد کھرل نے تھانہ سٹی میں مقدمہ نمبر 81/17بجرم 365درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سائل کا بھتیجا شہرام اپنے دوستوں افتخار حیدر اور طیب کے ہمراہ کھانا لے کر پولٹری فارم گیا واپسی پر جھال کے قریب کامران عرف کامی نے اپنے دیگر ساتھیوں حمزہ ، آصف، شاہد، فہد، عدیل وغیرہ ساکنان 128گ ب نے طیب کو مبینہ اغوا کیا اور ایک دکان میں لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اسے شدید چوٹیں آئیں۔ بھتیجے کو گواہان صادق اور ارشد کے ہمراہ پولیس موجودگی میں بازیاب کروایا اور میڈیکل ڈاکٹ نمبری 105/17حاصل کیا گیا ۔ الزام علیہان نے سائل کے بھتیجے کو اغوا ء کے بعد تشدد کرکے سخت زیادتی کی ہے۔ پولیس نے ایک ملزم عدیل کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کر دیا ہے۔ مقدمہ تفتیشی نے بتایا کہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔متاثرہ نوجوان نے حکام بالا سے انصاف و تحفظ کی اپیل کی ہے۔