ہربنس پورہ،مغوی لڑکا بازیاب،ٹریفک وارڈنز نے والدین سے ملوا دیا
لا ہور (سٹی رپورٹر)مغلپورہ سیکٹر کے تین ٹریفک وارڈنز نے 4روز قبل راولپنڈی سے اغواء ہونے والے نوجوان لڑکے امداد کو اسکے والدین کے حوالے کردیا ۔جس پر ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن(ر)سیّد احمد مبین نے ٹریفک وارڈنز کواغواء شدہ نوجوان کو والدین کے حوالے کرنے پرشاباش دی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ صبح کے وقت نواں پل اشارے پر ٹریفک وارڈنز فیاض،جاوید اور احسان ڈیوٹی دے رہے تھے کہ اسی دوران امداد نامی ایک لڑکا چلاتا ہوا آیا اور گھبرا کرگرگیا۔ٹریفک وارڈن فیاض نے اس کو اٹھا کر پانی پلایا اور دریافت کرنے پر پتہ چلا کہ امداد کو جمعہ کو راولپنڈی سے اغواء کر کے لاہور لایا گیا جہاں وہ اغوا کاروں کے چنگل سے بچ کر بھاگا تو سامنے ٹریفک وارڈنز کو دیکھ کر مدد مانگی۔امداد کوگھر واپس جاتے ہوئے رکشہ میں اغواء کیا گیااور جب وہ اٹھا تو اس کے ہاتھ پاؤں رسیوں سے بندھے ہوئے تھے۔ٹریفک وارڈنز نے اس کے والدین کا رابطہ کر کے انہیں لاہور بلا لیا اور متعلقہ تھانہ ہربنس پورہ کے حوالے کر دیا۔