عوام کو سڑکوں پر بہترین سہولیات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں:سید احمد مبین
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن(ر)سیّد احمد مبین نے کہا ہے کہ عوام کو سڑکوں پر بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ٹریفک افسران سڑکوں پرفرض کے ساتھ ساتھ عبادت سمجھ کر شہریوں کو سہولیات فراہم کررہے ہیں ۔تمام ٹریفک افسران کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر صاف اور محفوظ راستہ دینے کے لئے کوئی کسر اٹھانہ رکھیں ۔انہوں نے شہریوں سے احتجاجی ریلی کے دوران پرُامن رہنے کی اپیل کی تاکہ سٹی ٹریفک پولیس کے افسران احتجاج کے دوران بھی بہترین خدمات سرانجام دے سکیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تفصیلات کے مطابق جنرل ہسپتال کے باہر پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے احتجاج ، سوڈیوال بڑی مسجد کے قریب گھر میں آتشزدگی ، جی پی او چوک پر سیاسی ومذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج ، پنجاب اسمبلی کے باہر پختون برادری کا احتجاج اور فیروز پور روڈ پر اسماعیل نگر کے رہائشیوں کے احتجاج کی اطلا ع پر ایس پی صدر سردار آصف ، ایس پی سٹی آ صف صدیق ، ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن عار ف بٹ ، ڈی ایس پی صدر ملک اکرام ، ڈی ایس پی مغلپورہ ضیاء اللہ ، ڈی ایس پی انارکلی طارق اور 100اضافی ٹریفک وارڈنز نے موقع پر پہنچ کر ڈائیورشنز لگوا نے کے بعد متبادل راستہ دے کر شہریوں کو سہولت فراہم کی ۔