حکومت پنجاب کوالٹی ایجوکیشن کیلئے غیر معمولی اقدامات کررہی ہے: رانا مشہود
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود ا حمد خاں نے کہاہے کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ۔ حکومت پنجاب کوالٹی ایجوکیشن کیلئے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے ۔صوبہ بھر کے سکولوں میں36ہزار نئے کلاس رومز کا اضافہ طلباہ و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے انہوں نے یہ بات سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ محکمانہ اجلاس کی صدارت کرئے ہوئے کہی۔اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں بنائے جانے والے اضافی کلاس رومز اور عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن عبدالجبار شاہین، سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈاکٹر عمران سکندر بلوچ، پیف، سی اینڈ ڈبلیو، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ ایجوکیشن ورلڈ فورم میں پنجاب حکومت کی تعلیمی پالیسیوں کو سراہا گیا ہے۔پنجاب کے تعلیمی ماڈل کو افریقہ کے ممالک میں متعارف کروانے پر بھی بات کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ پانچ کامیاب تعلیمی ماڈلزمیں سے ایک پنجاب کو قرار دیا گیاہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر کے سکولوں میں 36ہزارنئے کلاس رومز کا اضافہ کیا جار ہا ہے۔ 50ارب روپے کی لاگت سے Strengthening of Schools کے جامع پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ 2سال میں 36ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر، ضروری سہولتوں کی فراہمی، مخدوش عمارتوں کی بحالی، آئندہ مالی سال میں19ہزار سکولوں میں نئے اضافی کمرے اورتمام سکولوں میں ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ چھوٹے بچوں کے لئے پنجاب بھر کے سکولوں میں 10ہزار ارلی چائلڈ ہڈ کلاس رومز بنائے جا رہے ہیں۔