اینٹی کرپشن حکام کوپی یو کے آڈٹ آفیسر ظفر اقبال کی ممکنہ گرفتاری سے روک دیا
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے آڈٹ آفیسر ظفر اقبال کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر اینٹی کرپشن حکام کو اس کی گرفتاری سے روک دیاجبکہ آڈٹ آفیسر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیاہے۔جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے ظفر اقبال کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کا موقف تھا کہ اینٹی کرپشن نے اس کے خلاف جھوٹی شکایت پر پیسوں کے لین دین کی انکوائری شروع کر رکھی ہے، حالانکہ مخالفین کے پیسوں کے لین دین کا تعلق اس کے ساتھ نہیں بلکہ اس کے بیٹوں سے ہے، درخواست گزار نے خدشہ ظاہر کیا کہ اینٹی کرپشن کا متعلقہ افسربے بنیاد انکوائری میں اسے گرفتار کر لے گا، عدالت نے سماعت کے بعد اینٹی کرپشن کو آڈٹ افسر ظفر اقبال کو 16 فروری تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا جبکہ درخواست گزار کو اینٹی کرپشن کی تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔