ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات سے انصاف اور انسانیت کا ترازو ڈول رہا ہے :خورشید شاہ
سکھر(آئی این پی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات سے انصاف اور انسانیت کا ترازو ڈول رہا ہے، امریکہ کا مسلمانوں کیخلاف متعصبانہ اور جارحانہ رویہ انصاف، امن اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے، امریکہ کو ویت نام اور افغانستان کی جنگوں سے سبق سیکھنا چاہئے اور اس حقیقت کو تسلیم کرنا چا ہئے کہ ملکوں کی برادری میں مسائل دھونس اور جبر سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہوتے ہیں، امریکہ کو اپنے جلد بازی میں کئے گئے فیصلوں پر نظر ثانی کرنا پڑے گی۔بدھ کو اپنے ایک بیان میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ امریکہ کو اپنے جلد بازی میں کئے گئے فیصلوں پر نظر ثانی کرنا پڑے گی، عجیب بات ہے کہ امریکہ مسلمانوں کی طرف سے کسی اشتعال کے بغیر ہی منفی اقدامات پر تلا ہوا ھے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ دنیا میں کسی بھی ملک کی قدر و قیمت محض اس کی اقتصادی اور عسکری قوت سے نہیں بلکہ انسان دوستی، انصاف اور امن پسندی سے مشروط ہے لیکن یہ بات قابل افسوس ہے کہ امریکہ جیسے ملک نے اپنی نئی قیادت میں تشدد پسند ملکوں جیسا رویہ اپنا لیا ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مہذب دنیا کیلئے یہ امر باعث افسوس اور باعث حیرت ھے کہ امریکہ امن کے دور میں حالت جنگ جیسے اقدامات اٹھا کر نہ صرف اپنے امیج کو پامال کر رہا ھے بلکہ دنیا کو خوف اور بے چینی میں بھی مبتلا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات سے انصاف اور انسانیت کا ترازو ڈول رہا ہے اور امریکہ کے مجسمہ آزادی کی آنکھ سے آنسو بہہ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ویت نام اور افغانستان کی جنگوں سے سبق سیکھنا چاہئے اور اس حقیقت کو تسلیم کرنا چا ہئے کہ ملکوں کی برادری میں مسائل دھونس اور جبر سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعماری قوتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے محروم ،بدحال اور تباہ شدہ ممالک کے عوام پر مزید پابندیاں لگانا کسی طرح مناسب نہیں اور ان پابندیوں سے امریکہ کے امن، مساوات ، انسانیت اور انصاف کے دعووں کی نفی ہورہی ہے۔ سید خورشید احمد نے کہا کہ انسان دوست ممالک اور اداروں پر فرض ہے کہ وہ موجودہ امریکی رجحان کا راستہ روکیں اور اسے انسان دشمنی کی بجائے انسان دوستی کا راستہ دکھائیں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ ہم دہشت گرد نہیں بلکہ بد ترین دہشت گردی کا شکار ہیں اس لئے امریکہ کی موجودہ انتظامیہ کو بھی پاکستان اور مسلمانوں کے حوالے سے اپنے تاثرات درست کرنے کی ضرورت ہے