حافظ سعید کی نظربندی کیخلاف آل پارٹیز کانفرنس آج لاہور میں ہوگی
لاہور(جنرل رپورٹر) جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کی نظر بند ی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس آج بروز جمعرات لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہو گی جس میں تمام مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔ دوسری طرف گزشتہ روز بھی جماعۃالدعوۃ پاکستان اورتحریک آزادی جموں کشمیر کی طرف سے گذشتہ روز بھی حافظ محمد سعید ودیگر رہنماؤں کی نظربندی کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور آل پارٹیز کانفرنسوں کاسلسلہ جاری رہا۔ کراچی میں ہندوؤں کی طرف سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔سینکڑوں ہندوؤں نے حافظ محمد سعید ودیگر رہنماؤں کی نظربندی کی سخت مذمت کی اور کہاکہ تھرپارکر میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعۃالدعوۃ نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا، آج ہم حافظ محمد سعید کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مظاہرے میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔تحریک آزادی جموں کشمیر کی طرف سے بہاولپور، ملتان، بہاولنگر، کوٹلی آزاد کشمیر ودیگر شہروں میں آل پارٹیز کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف سے 4جنوری کو پورے ملک میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اسی طرح 5فروری کو بھی چاروں صوبوں وآزاد کشمیر میں بڑے کشمیر کارواں ہوں گے اور جلسوں، کانفرنسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔نارووال ڈسٹرکٹ بار نے حافظ محمد سعید کی نظربندی کیخلاف عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور شدید احتجاج کیا گیا۔بدھ کو کراچی پریس کلب کے باہر ہندو برادری نے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تھر سے آنے والے ہندوؤں نے احتجاج کے دوران مطالبہ کیا کہ حکومت حافظ محمد سعید کی نظر بندی فوری ختم کرے۔ مظاہرین سے جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین شاہد محمود اور ہندو پیچائیت کے نمائندے بانو بھیل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حافظ محمد سعید کی نظر بندی غیر آئینی و غیر انسانی ہے۔ پاکستان میں جماعۃ الدعوۃ کا کردار سب کے سامنے ہے۔ تھر میں بلا تفریق ہندوؤں کی بھی مدد کی ہے۔ آج تھر کی ہندو برادری کا حافظ محمد سعید کی حمایت میں آواز بلند کرنا اس کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید کی بلا جواز نظر بندی کے خلاف پہلے کی طرح اب بھی عدالتوں سے رجوع کریں گے۔ ہم عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں کہ وہ انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گی۔ بیرونی دباؤ پر انسانیت کے خیر خواہ کو نظر بند کرنا شرمناک فیصلہ ہے، جسے قوم نے مسترد کردیا ہے۔علاوہ ازیں جماعۃ الدعوۃ کے تحت حافظ سعید کی نظر بندی کے خلاف شہر کے دس سے زائد مقامات پر بڑے مظاہرے کیے گئے، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سخی حسن چورنگی، واٹر پمپ، جوہر چورنگی، شاہین کمپلیکس، نیٹی جیٹی پل، پنجاب چورنگی، ٹیپو سلطان چورنگی، ڈرگ روڈ، گودام چورنگی کورنگی سمیت دیگر مقامات پر مظاہرے ہوئے۔ اس دوران شہریوں نے حافظ محمد سعید کی نظر بندی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،تحریک آزادی جموں کشمیر کے زیر اہتمام ملتان میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ، اطہر شاہ بخاری، پروفیسر عبدالمجید، عنایت اللہ رحمانی، صاحبزادہ ابراہیم، خالد شاہ ندیم، عبدالحئی اثری، ایوب مغل، حمزہ شاہد لودھی، اعجاز جنجوعہ، ڈاکٹر جاوید صدیقی، آصف اخوانی، حافظ سلمان صدیقی، معروف خاں، مجاہد عباس گردیزی، طارق خاں و دیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہاکہ حافظ محمد سعید کو بھارتی دباؤ پر نظربندکیا گیا ہے جسے پاکستانی قوم کسی صورت تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ آج تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ حافظ محمد سعید کی نظربندی کی مذمت کر رہے ہیں۔ بہاولپور میں ہونیو الی آل پارٹیز کانفرنس سے نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ، ابو معاذ عمران، اصغر جوئیہ، عبدالوحید شاہ، مولانا عبدالغنی ثاقب، سلیم بھٹی، مظفر علی مظفر، چوہدری طیب عاشق، گل شیر، چوہدری کامران سندھو، چوہدری کلیم ، محمد سلیم انصاری، مولانا صہیب احمد، قاری ذوالفقار نقشبندی و دیگر نے خطاب کیا۔ جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام بہاولنگراور کوٹلی آزاد کشمیر میں بھی آل پارٹیز کانفرنسوں کا اہتمام کیا گیاجس میں ملک بھر کی سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔