ڈائیوو بس کے اڈے کا لائسنس منسوخ ، کلمہ چوک والی جگہ چھوڑنے کا حکم ، 15مارچ کی ڈیڈ لائن مقرر

ڈائیوو بس کے اڈے کا لائسنس منسوخ ، کلمہ چوک والی جگہ چھوڑنے کا حکم ، 15مارچ کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(محمد یونس باٹھ)پنجاب حکومت نے ڈائیوو بس سروس اڈہ کا لائسنس منسوخ کر کے کمپنی انتظامیہ کوفوری طور پر کلمہ چوک اڈہ والی جگہ کو چھوڑ نے کا حکم دے دیا ۔ جبکہ کمپنی انتظامیہ نے نئے اڈے کی تعمیر تک تین ماہ کی مہلت مانگی تھی جو کہ نہیں دی گئی ،ضلعی اور کمپنی انتظامیہ کے درمیان 15مارچ تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے 15مارچ تک اڈہ کی جگہ خالی نہ ہونے کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وہاں بیریئر لگا کر بس سروس کی آمد و رفت کو روک دینے کا حکم دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر جہاں کئی سڑکوں کو ماڈل روڈ بناتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا گیا ہے وہاں شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو ختم کرنے کے لئے دیگر کئی اہم فیصلے بھی کئے گئے ہیں ۔اور شہر میں بس سٹینڈ کو ختم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ابتدائی طور پر فیروز پور روڈ پر واقع ڈائیوؤ بس سروس اڈہ کا لائسنس منسوخ کر کے کمپنی انتظامیہ کو اڈہ والی جگہ فوری طور پر چھوڑ دینے کے لئے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ان احکامات کے جاری ہونے کے بعد جب ضلعی انتظامیہ اڈہ خالی کروانے کے لئے گزشتہ روز وہاں پہنچی تو اڈہ انتظامیہ نے 3ماہ کی مہلت دینے کا کہا مگر خالی کروانے کے لئے جانے والی فورس نے ان کی بات ماننے سے انکار کر دیا بعد ازاں اڈہ انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں طے پایا کہ 15مارچ تک وہ یہ جگہ خالی کر دیں گے بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی آئی جی ٹریفک لاہور نے اس بات کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ بس سروس کے اس اڈہ سمیت ٹریفک کے لئے حائل تمام رکاوٹوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈائیوو سروس کی انتظامیہ کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں اڈہ کی تعمیر آخری مراحل میں ہے 15مارچ کے بعد یہ سروس وہاں سے کام شروع کر دے گی۔

مزید :

صفحہ اول -