کراچی چڑیا گھر کو فطری حسن کے ساتھ بحال کیا جائے گا : وزیر اعلی سندھ

کراچی چڑیا گھر کو فطری حسن کے ساتھ بحال کیا جائے گا : وزیر اعلی سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے چڑیا گھراوراطراف میں تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے کہاہے کہ سندھ حکومت بچوں کو بہتر تفریح مہیا کرنا چاہتی ہے۔چڑیا گھر کو فطری حسن کے ساتھ بحال کیاجائے گا ۔ کراچی کے چڑیا گھر کا فطری حسن بحال کرنے کے عزم کے ساتھ توسیعی منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیاہے۔اس ضمن میں وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ بدھ کی صبح چڑیا گھرکادورہ کیا، وزیربلدیات سندھ جام خان شورو،مئیر کراچی وسیم اختر اور آرکیٹیکٹ ثمرعلی خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وزیراعلیٰ نے توسیعی منصوبے کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی سندھ کو آرکیٹیکٹ ثمرعلی خان نے چڑیا گھر اور سفاری پارک کو جدید طرز پر مبنی توسیع کا پلان پیش کیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہاکہ سفاری پارک اور چڑیا گھر میں فطری حسن کی بحالی سے شہریوں کو صحت مندانہ تفریح میسر ہوگی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی نے کہا کہ چڑیا گھر سمیت دیگر تفریخی مقامات کیلئے حکومت نے کثیر رقم مختص کر رکھی ہے، جلد چڑیا گھر میں نایاب نسل کے جانوراور پرندے منگوائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہاں لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں، جلد شہری چڑیا گھر میں بڑی تبدیلی دیکھیں گے۔چڑیا گھر کو بہتر بنا نے کا منصوبہ کراچی پیکج میں شامل ہے۔سندھ حکومت بچوں کو بہتر تفریح مہیا کرنا چاہتی ہے۔کراچی والوں کو مزید تفریح مقامات بنا کر دیں گے تا کہ شہریوں کو بہتر تفریح کے مواقع حاصل ہو۔سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ کراچی کو ایک بہترین، سرسبز اورخوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور انہوں نے شہر کی خوشحالی، پائیداری، جامعیت اورسروس ڈلیوری پرتوجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور اب کراچی کے پرانے علاقوں کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں میں بھی ہرایک آدمی گھر خریدنے میں دلچسپی لے۔۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی خوراک اور صفائی کے نظام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے آرکیٹیکٹ ثمرعلی خان کے مشورے پر چڑیا گھرکے اطراف میں تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ کو تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کی۔مرادعلی شاہ نے چڑیا گھر کی سیرکی تو انہیں اپنا بچپن یاد آگیا۔ وزیراعلی نے اپنے موبائل سے پرندوں کی تصاویر بنائیں ، ہاتھی کو کیلے کھلائے اور خوب لطف اندوز ہوئے۔