سندھ اینگرو کول کمپنی اور آئی بی اے کراچی کے درمیان معاہدہ
کراچی (اکنامک رپورٹر) پسماندہ ترین علاقوں میں انسانی وسائل کی ترقی اور فلاح بہبود کے لئے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی اورانسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی( آئی بی اے ) کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت آئی بی اے کراچی تھری انجینئرز کو تربیت فراہم کرے گا۔ اس ضمن میں دونوں اداروں کی اعلیٰ قیادت نے ایک تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔معاہدے کی روسے آئی بی اے کراچی میں ضلع تھر پارکر کے بلاک IIسے تعلق رکھنے والیاْن انجینئرز کو مینجمنٹ سے متعلق کورس کروائے جائیں گے جو ایس ای سی ایم سی کیمتعارف کردہ تھری ٹرینی انجینئرز پروگرام کے تحت منتخب ہونگے۔ مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منگل کے روز منعقد کی گئی جس میں سندھ اینگر و کول مائننگ کمپنی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسرشمس الدین شیخ اور آئی بی اے کراچی کی جانب سے ڈین اور ڈائریکٹرفرخ اقبال نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ دیگر دستخط کنندگان میں اینگرو پاور جن تھر لمیٹڈکے چیف آپریٹنگ آفیسراحسن ظفر سید، ڈائریکٹر سینٹر فار ایگزیکٹوایجوکیشن ڈاکٹر اظہار ایم حْسین، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس (ایس ای سی ایم سی)کاشف احمد سومرو اور آئی بی اے کی مینجر اِسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام سمیرا احمد شامل ہیں۔ تھر ٹرینی انجینئرز پروگرا م اپنی طرز کی ایک منفرد کوشش ہے جس کا ایس ای سی ایم سی ، اینگرو پاورجن تھر لمیٹڈاور اینگرو پاورجن لمیٹڈنے مل کر آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد تھر جیسے پسماندہ ضلع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کوتھربلاک IIمیں کان کنی کی سائٹ اور وہاں قائم کئے جانے والے توانائی کے منصوبوں پر2سالہ بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے۔ اِس پروگرام کا حصہ بننے والے نوجوانوں کو مینجریل ، تکنیکی اور خود انحصاری کی بھرپور تربیت دی جائے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی ایم سی کے سی ای او جناب شمس الدین شیخ نے کہا کہ یہ پروگرام مستقبل کے رہنماوں کے لئے راستہ ہموار کرے گا اور ایک ایسی افرادی قوت پیدا کرے گا جو کوئلے کی کان کنی اور توانائی کے منصوبوں میں جدت اور ہمہ گیر ترقی متعارف کروائے گی۔ ’تھر بلاک IIمیں افرادی قوت کی ترقی سندھ اینگرو کول مائننگ کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے اور ہم اِنہی نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہ مستقبل میں اپنی کان کنی کے آپریشنز اور توانائی کے منصوبوں کے لئے سینئر سطح کی زمہ داریاں سنبھالیں۔ڈاکٹر فرخ اقبال نے ایسے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا اور انہیں تھر پارکر جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی میں اہم سنگ میل سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے سے اْن کے ادارے نے کئی تعلیمی پروگراموں کااجراء کیا ہے اور اس ضمن میں کئی پی ایچ ڈی کئے لوگوں کی تقرری بھی کی ہے۔اس کے علاوہ مختلف قسم کی شراکت داریوں کے زریعے نئے سینٹرز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جن سے تھر کے نوجوان مستفید ہوسکیں گے اور اپنے مستقبل کو روشن کرسکیں گے ساتھ ساتھ پاکستان کی خدمت و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔