کراچی ، نیلم کالونی میں عمارتگر گئی ، 2افراد جاں بحق ، 5زخمی

کراچی ، نیلم کالونی میں عمارتگر گئی ، 2افراد جاں بحق ، 5زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے کلفٹن نیلم کالونی میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے 2 منزلہ مکان گرگیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ5 زخمی ہوگئے ہیں، دوکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔عمارت سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے نیلم کالونی میں گیس لیکج کے باعث 2 منزلہ مکان گرگیا۔ واقعہ کے فوری بعد اہل علاقہ پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانا شروع کر دیا جبکہ ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔تنگ گلیاں امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن گئیں۔ کسی قسم کی مشینری موقع پر نہیں پہنچ سکی۔7 زخمیوں کو فوری جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون سمیت دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 25سالہ عظیم اور 65 سالہ زینب جبکہ زخمیوں میں سلیم مسیح، شبانہ مسیح ، انتھونی، دانیال اور عامر شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون سمیت دو افراد جھلس کر شدید زخمی ہوئے ہیں۔ڈاکٹر ز کے مطابق دونوں 90 فیصد جل چکے ہیں ۔ دونوں کی جان بچانے کی کوششیں کی جارہی ہے۔میڈیا سے بات چیت میں علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کوئی حکومتی مشینری مدد کے لئے نہیں پہنچی اورانہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کا کام کیا۔ زخمیوں نے اسپتال پہنچ کر ڈاکٹرز کو بتایا کہ مکان میں گیس نہیں تھی، پڑوسی سے کنکشن لیا ہوا تھا جس سے گیس لیک ہورہی تھی اور جیسے ہی کمرے میں روشنی کے لئے بٹن دبایا تو دھماکا ہوگیا اورمکان گرگیا۔ اہل علاقہ کے مطابق عمارت زیادہ مخدوش نہیں تھی، عمارت کی نچلی منزل میں کرائے داررہائش پذیرتھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔