حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ، قائم مقام گورنرسندھ

حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ، قائم مقام گورنرسندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ صحافت کسی بھی ریاست کو چوتھا ستون گردانا جاتا ہے ، پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور تسلسل میں صحافتی برادری نے بے مثل قربانی دی جسے فراموش نہیں کیا جاسکتاحکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔وفد میں شمس کیریو، اے کے محسن ، نعمت خان ، یاسر قاضی اور شعیب خان شامل تھے ۔ وفد نے قائم مقام گورنر سندھ کو صحافیوں کو درپیش مسائل خصوصاً سیکیورٹی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ ۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ صحافیوں کی سیکیورٹی کے لئے قانون سازی وضع کرنا ہو گی اس ضمن میں صحافتی برادری سیکیورٹی مسائل سے متعلق درخواست اور تجاویز بھی دیں تاکہ ان کی روشنی میں موئثر قانون سازی کی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ صحافی کسی بھی مذہب یا ملک کا ہو اس کا براہ راست رابطہ عام افراد سے رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ معاشرے کی برائیوں کی بہتر انداز میں نشاندہی ایک صحافی سے اچھی کوئی اور نہیں کرسکتااس سے حکومت وقت کو فیصلہ اور اقدامات کرنے میں بہت مدد ملتی ہے ۔ وفد کی جانب سے گورنر ہاؤس کی جانب سے پریس کلب کے لئے گرانٹ فراہمی کی درخواست کی گئی جس پر قائم مقام گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں گورنر سندھ سے درخواست کرینگے کہ پریس کلب کو بھی گورنر ہاؤس کی جانب سے گرانٹ دی جائے ۔ وفد نے صحافیوں کو درپیش مسائل تفصیل سے سننے اور انھیں جلد حل کرنے کی یقین دہانی پر قائم مقام گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید : کراچی صفحہ اول