سانحہ بلدیہ کیس کے2 مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری معطل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو سانحہ بلدیہ کیس کے دو مفرور ملزمان کے خلاف کارروائی سے روک دیاہے۔ عدالت نے ملزم عبدالستار اور ادیب اقبال خانم کے وارنٹ گرفتاری بھی معطل کر دیئے ہیں۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں عبدالستار اور ادیب اقبال خانم کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عبدالستار اور ادیب اقبال خانم کی فیکٹری مالکان سے کاروباری شراکت ہے۔ فیکٹری میں آتشزدگی سے ملزمان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دونوں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ عدالت نے حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔