ہر یونین کمیٹی کے پاس زکوٰۃ مستحقین کی فہرستیں موجود ہیں ،نثار کھوڑو

ہر یونین کمیٹی کے پاس زکوٰۃ مستحقین کی فہرستیں موجود ہیں ،نثار کھوڑو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ میں ہر یونین کمیٹی کے پاس زکوۃ کے مستحق افراد کی فہرستیں موجود ہیں ۔ جن کے ذریعہ ان کی مدد کی جاتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2015-16 میں 81 ہزار 795 مستحق افراد کو عید الفطر کے موقع پر فی کس 2 ہزار روپے گزارہ الاؤنس دیا گیا ۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو سندھ اسمبلی میں محکمہ زکوۃ و عشر سے متعلق مختلف ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔ نثار کھوڑو نے بتایا کہ 2010 سے لے کر 2013 تک لوکل زکوۃ کمیٹیوں بوڑھے اور مستحق افراد کو فی کس 500 روپے کی امدادی رقم عید کی موقع پر دی گئی تھی ۔ جسے بعد میں بڑھا کر 2 ہزار روپے کر دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں 85 ہزار مستحقین کے پاس بے نظیر معاونت کارڈ موجود ہیں اور انہیں امدادی رقم کسی شخص یا دفتر سے نہیں بلکہ اے ٹی ایم سے ادا کی جاتی ہے ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن اسمبلی ڈاکٹر رفیق بھانبھن کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سندھ میں 45 ہزار سے زائد بیواؤں کی زکوۃ فنڈ سے مدد کی گئی ۔ ایم کیو ایم کے سید سردار احمد نے کہا کہ پہلے ایک جج صاحب کی نگرانی میں مستحقین میں زکوۃ تقسیم کی جاتی تھی ۔ جس پر وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ محکمہ زکوۃ و عشر کو یہ شکایت تھی کہ انہیں پورے اختیارات نہیں ملے ۔ حکومت سندھ اسے بااختیار بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ زکوۃ صرف مستحقین کو دی جاتی ہے ۔ اس سال 44 لاکھ 19 ہزار روپے زکوۃ کی رقم سے مستحقین کی مدد کی گئی ۔ وقفہ سوالات کے دوران مسلم لیگ (فنکشنل) کے ڈاکٹر رفیق بھانبھن نے شکایت کی کہ محکمہ زکوۃ میں ایک پٹے والے کو فیلڈ آفیسر بنا دیا گیا ہے ۔ جس پر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پٹے والا کیوں فیلڈ آفیسر نہیں بن سکتا ۔ وزیر پارلیمانی امور نے ایوان کو بتایا کہ زکوۃ فنڈ سے 2008 سے لے کر 2013 تک 15993 غریب اور بے سہارا لڑکیوں کی شادی کے لیے 159.930 ملین روپے کی رقم بطور امداد تقسیم کی گئی اور شادی کے موقع پر ہر مستحق لڑکی کو 10 ہزار روپے کی امدادی رقم دی گئی ۔