سی پیک کے حوالے سے تمام مجوزہ منصوبے اہمیت کے حامل ہیں ،عبدالکریم

سی پیک کے حوالے سے تمام مجوزہ منصوبے اہمیت کے حامل ہیں ،عبدالکریم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان کی زیر صدارت انڈسٹری ،کامرس،ٹیکنیکل ایجوکیشن انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس ٹیکنالوجی کے محکموں کیلئے سی پیک ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہواجس میں ورکنگ گروپ کے ممبران سیکرٹری انڈسٹری ، چےئرمین خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈیویلپمنٹ منیجمنٹ کمیٹی، منیجنگ ڈائریکٹر ٹیوٹا، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ،خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور چیف انڈسٹری پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ نے شرکت کی۔اجلاس میں مذکورہ شعبوں کی مختلف سکیموں کو سی پیک کے تحت صوبے کی خوشحالی کیلئے سودمند بنانے سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم خان جو کہ سی پیک ورکنگ گروپ برائے انڈسٹری کے چےئرمین بھی ہیں نے کہا کہ متعلقہ افسران اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں تاکہ سی پیک کے تحت جاری ترقیاتی عمل کو صوبے کے زیادہ سے زیادہ فوائد کے حصول کیلئے یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں صوبائی معاون خصوصی کو مختلف منصوبوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی اور ان کو عملی شکل دینے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے عبدالکریم خان نے محکمہ صنعت کے سی پیک کے حوالے سے تمام مجوزہ منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں تاہم اجتماعی مفاد عامہ کی سکیموں کی منصوبہ بندی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جانی چاہئیے۔انہوں نے تمام افسران کو ان منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے روابط بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔عبدالکریم خان نے محکموں کے افسران اور ماہرین سے کہا کہ وہ صنعت وحرفت ،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ،انفارمشین ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے شعبوں کی سکیموں سے متعلق اپنی تجاویز مرتب کریں تاکہ ورکنگ گروپ کے آئندہ اجلاس میں ان کو حتمی شکل دی جا سکے۔