پاناما کیس حکومت نہیں میڈیا کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے : مصدق ملک

پاناما کیس حکومت نہیں میڈیا کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے : مصدق ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہاہے کہ سندھ کے لیے محمد زبیر بہترین گورنر ثابت ہونگے،پانامالیکس حکومت کے لیے نہیں میڈیا کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔بدھ کو مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی کے حوالے سے زبیر عمر کی تقرری بہترین ثابت ہوگی ۔زبیر عمر سندھ کی ترقی کا نعم البدل ہیں ۔بزنس طبقہ ہی نہیں بلکہ سیاسی طبقات اور اینکرز نے بھی ان کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے ۔زبیر عمر سیاسی طور پر فعال آدمی ہیں وہ سندھ کے تمام طبقات جن میں تعلیم ،صحت ،سماجی بہبود اور دیگر شعبوں کی قیادت کرنے والے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاسکتے ہیں ۔بطور نجکاری وزیر زبیر عمر نے تین سال میں معاشی ترقی کے لیے بنیادی کام کیا ہے ۔اب ان کی جگہ کسی ایسے ہی فعال ترین آدمی کو لایا جائے گا ۔جسٹس عظمت سعید کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت یاب کرے وہ فعال ترین جج ہیں ۔وہ انصاف کی فراہمی کے لیے وکلا سے بھی د س قدم آگے رہتے ہیں ۔قوم کو ان جیسے منصف کی ضرورت ہے تاکہ وہ ان سے مستفید ہوتی رہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خود چاہتے تھے کہ پاناما کیس کو سپریم کورٹ میں لے جایا جائے وزیراعظم نے واضح طور پر کہا تھا کہ پاناما کیس اگر سپریم کورٹ نہیں گیا تو حکومت خود سپریم کورٹ جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد واضح ہوگیا ہے کہ پاناما لیکس ہمارے گلے کی نہیں بلکہ میڈیا کے گلے کی ہڈی بن گیا ہے ۔کچھ لوگوں کی عادت بن گئی ہے کہ وہ کیچڑ اچھالتے رہتے ہیں ۔کیچڑ اچھالنے والے کسی کی ماں ،بہن،بیٹی اور بیوی تک کا خیال نہیں کرتے اور اپنے مقاصد کے لیے کیچڑ اچھالنا ان کی عادت بن گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر عدالت متانت کے ساتھ شواہد کو دیکھتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ عدالت شواہد کی بنیاد پر فیصلہ کرے ۔ہم نے تمام ثبوت عدالت میں پیش کردیئے ہیں ۔دبئی ،قطر اور لندن سمیت تمام جائیداد اور پیسے کی منتقلی سے متعلق شواہد عدالت میں جمع کرادیئے ہیں ۔