پشاور ،خود کش جیکٹ اور بارودی مواد رکھنے کے الزام میں امام مسجد گرفتار

پشاور (آن لائن) محکمہ انسداد دہشتگردی نے پشاور میں کارروائی کے دوران خودکش جیکٹ اور بارودی مواد رکھنے کے الزام میں مسجد کے امام کو گرفتار کر لیا ۔ سی ٹی ڈی کے مطابق مسجد کے امام کی گرفتاری جمعرات کے روز صوبائی دارالحکومت پشاور کے دلہ زاک روڈ سے عمل میں لائی گئی ۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ چند روز قبل ایک کارروائی کے دوران خودکش جیکٹ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا لیکن تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ملزم کی گرفتاری مختلف وجوہات کی بناءپر عمل میں نہیں لائی جا سکی تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم کی گرفتاری کے لئے سرگرم اور کوششیں کر رہے تھے جن کی موثر حکمت عملی کے تحت ملزم کی گرفتاری یقینی بنائی گئی ۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم افغانستان کا باشندہ ہے جس کی شناخت صاحب الرحمان کے نام سے ہوئی ۔ جس پر مقامی مسجد میں خودکش جیکٹ اور بارودی مواد رکھنے کا الزام ہے ۔