پاکستان امن کیلئے لچک دکھا رہا ہے، ہر داڑھی والا مرد اور باحجاب عورت دہشتگرد نہیں : چوہدری نثار

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ خطے میں سیاست اور سیکیورٹی کو ملانے کا رجحان ہے مگر سیاست کو سیکیورٹی کے ساتھ نہیں ملاناچاہئیے۔ دہشت گردی کو کسی مذہب سے نہیں جوڑا جاسکتا لہذٰا ہر داڑھی والے مرد اور باحجاب عورت کو دہشت گرد نہیں سمجھنا چاہیئے۔پاکستان خطے میں امن کیلئے زیادہ سے زیادہ لچک دکھا رہا ہے۔
اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ایک کثیر جہتی مسئلہ ہے، مغرب اور جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی کا تناظر اور ضروریات مختلف ہوسکتے ہیں لیکن سیکیورٹی کا مطلب یہ نہیں کہ سرحدیں بند کرکے ملک محفوظ ہوجائیں، سرحدوں کو بند کرکے امن محسوس کرنے کا نام تحفظ نہیں ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کے حکم نامے نے مسلم دنیا میں منفی پیغام بھیجا۔
اوبر ٹیکسی کمپنی نے صارفین کیلئے کرایوں میں 25فیصد کمی کر دی
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خطے میں سیاست اور امن و امان کو گڈ مڈ کرنے کا رجحان ہے ۔ تحریک آزادی کا دہشت گردی سے موازنہ نہیں کرنا چاہیے، امن کی تڑپ دنیا کیلئے نہیں بلکہ یہ ہمارے اپنے مفاد میں ہے، امن و امان کے قیام کیلئے مذاکرات اہم ہیںاور پاکستان خطے میں امن کیلئے زیادہ سے زیادہ لچک دکھا رہا ہے۔