حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے روڈ میپ دے،مسلمانوں کے حقوق کی بات ہو تو اقوام متحدہ اندھی ،بہری اور گونگی بن جاتی ہے:سینیٹر سراج الحق

حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے روڈ میپ دے،مسلمانوں کے حقوق کی بات ہو تو اقوام ...
 حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے روڈ میپ دے،مسلمانوں کے حقوق کی بات ہو تو اقوام متحدہ اندھی ،بہری اور گونگی بن جاتی ہے:سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے روڈ میپ دے اور قوم کو اب تک اس سلسلہ میں ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا جائے ، پاکستانی سفارتخانوں میں علیحدہ کشمیر ڈیسک قائم کئے جائیں اور فوری طور پر انٹر نیشنل کشمیر کانفرنس بلائی جائے ،کشمیری حکومت کی منافقانہ پالیسیوں کے شاکی ہیں ،حکمران ایک طرف بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں اور ملک میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت دے دی گئی ہے اور دوسری طرف کشمیریوں کی حمایت کے دعوے کرتے ہیں ۔

منصورہ میں جماعت کے مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے کا امن شدید خطرات میں گھرا ہواہے ، دشمن آئے روز پاکستا ن کا پانی بند کرنے کی دھمکیا ں دے رہا ہے اور مودی سے کچھ بعید نہیں کہ وہ پنجاب میں انتخابات جیتنے کیلئے کسی حماقت کا مظاہرہ کربیٹھے ، اس سے پہلے وولر بیراج کی تعمیر کو روکنے والے بھی کشمیری تھے جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر پاکستان کے حصہ کے پانی کو بند کرنے کی بھارتی کوشش کو ناکام بنایا ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف کشمیری پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں اورپاکستان کا پرچم اٹھا کر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے اور بھارتی قابض فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہورہے ہیں جبکہ حکمران کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کو تیار نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کو واضح لائحہ عمل دے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کیا عملی اقدامات کررہی ہے؟  تاکہ دونوں طرف کے کشمیریوں کو بھی کوئی حوصلہ مل سکے ۔سینیٹر سراج الحق نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کو قومی جوش و جذبے اور اس عہد کے ساتھ منایا جائے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور جب تک پاکستان کی شہ رگ کو پنجہ استبداد سے چھڑا نہیں لیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کیلئے انسانی تاریخ کی عظیم قربانیاں پیش کی ہیں ،اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیر ی آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں ،ہزاروں نوجوانوں کو بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں انسانیت سوز مظالم اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،کشمیریوں کے کھیتوں اور کھلیانوں کو جلایا اور مساجد و مدارس کو نذر آتش کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایمینسٹی انٹر نیشنل نے کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پراقوام متحدہ کو سینکڑوں خطوط ارسال کئے ہیں لیکن اقوام متحدہ مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور جہاں مسلمانوں کے حقوق کی بات ہوتی ہے وہاں اندھی بہری اور گونگی بن جاتی ہے 

مزید :

قومی -