ضلعی عدلیہ میں مقدمات کے جلد فیصلوں کے لئے ویڈیو ایپلیکیشنز استعمال کرنے کا فیصلہ

لاہور(نامہ نگار خصوصی )ضلعی عدلیہ میں مقدمات کے جلد فیصلوں کے لئے ویڈیو ایپلیکیشنز استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ، چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے ویڈیو ایپلیکیشنز کو زیر استعمال لانے کی منظوری دے دی ہے۔
ممبرانسپکشن ٹیم لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضلعی عدلیہ کے سیشن ججز اور جوڈیشل افسران کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ماتحت عدالتوں کے جوڈیشل افسران عدالتی امور کے علاوہ مقدمات میں شناخت پریڈ، قبر کشائی سمیت دیگر شہادتیں ریکارڈ کرتے ہیں اور شہادتیں ریکارڈ کرنے کے دوران جوڈیشل افسران کا بین الاضلاع تبادلہ ہو جاتا ہے جب مقدمات کے ٹرائل حتمی مراحل میں پہنچتے ہیں تو ان جوڈیشل افسران کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لئے دوسرے اضلاع سے طلب کیاجاتا ہے جس پر عوام کا وقت اور قومی خزانے کا ضیاع ہو تا ہے، مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس جدید دور میں جوڈیشل مجسٹریٹس کے بیانات جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے سکائپ، ایمو سمیت دیگر ویڈیو ذرائع سے ریکارڈ کئے جائیں تاکہ عوام کے پیسے اور وقت کا ضیاع نہ ہو، مراسلے میں پنجاب کے تمام سیشن ججوں اور جوڈیشل افسران کو احکامات پر مکمل طور پر عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔