سینئر قانون دان ،سابق جسٹس ملک سعید حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

سینئر قانون دان ،سابق جسٹس ملک سعید حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
سینئر قانون دان ،سابق جسٹس ملک سعید حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )سینئر قانون دان اور لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج ملک سعید حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، انہیں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں کیولری گراﺅنڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا جبکہ ان کی رسم قل کل 4فروری کو کاسمو پولیٹن کلب باغ جناح میں 3بجے شروع ہوگی جس میںان کی روح کو ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ہوگی جبکہ 4بجے دعا ہوگی ۔

مرحوم کی نماز جنازہ میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ اور دیگر جج صاحبان ،سپریم کورٹ کے جسٹس سردار طارق ،سابق چیف جسٹس پاکستان سید تصدق حسین جیلانی ، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین محمد احسن بھون ، سابق وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری ، ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیا عبدالرحمن ، پاکستان بار کونسل کے ارکان اعظم نذیر تارڑ ،عابد ساقی ،سابق وزیر رانا اکرام ربانی ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن خان اور دیگر لاءافسروں کے علاوہ وکلاء، سابق ججوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،مرحوم کی عمر 90 برس تھی اوروہ کئی ماہ سے بیمار تھے ۔

جسٹس ریٹائرڈ ملک سعید حسن کا شمار زیرک قانون دانوں میں ہوتا تھا، ملک سعید حسن نے بیرون سے قانون کی ڈگری لی اور ملک واپسی پر وکالت کا آغاز کیا، ملک سعید حسن دو مرتبہ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رہے ،وہ لاہور ہائیکورٹ کے جج بھی رہے۔ وہ اپنی سیاسی زندگی میں پیپلز پارٹی سے وابستہ تھے ،چند روز قبل لاہورہائیکورٹ بار کی طرف سے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ایک تقریب کاانعقاد کیا گیا تھا۔اس تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت ساتھی ججزاور لاہورہائیکورٹ بار کے عہدیداروں سمیت وکلاءو دیگر نے بڑی تعدا دمیں شرکت کی تھی جس میں مقررین کا کہنا تھا کہ ان جیسے لوگ روز روز پیدا نہیں ہوتے ۔

مزید :

لاہور -