پولیس انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بن گئی ،بطور گواہ پیش نہ ہونا پولیس افسروں کامعمول بن گیا

لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس فوری انصاف کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ بن گئی ، پولیس نے چالان بر وقت عدالتوں میں جمع نہ کرانے کی خاموش پالیسی اپنا لی جس کی وجہ سے مقدمات کے چالان اور پولیس افسروں کے بطور گواہ پیش نہ ہونے پر زیرسماعت سیکڑوںمقدمات ماتحت عدالتوں میںالتواءکا شکار ہو رہے ہیں۔ماتحت عدلیہ میں ہزاروں ایسے مقدمات ہیں جن میں پولیس افسر پراسکیوشن کے گواہ ہیں لیکن عدالتی طلبی اور وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود پیش نہیں ہو رہے جبکہ مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں جمع نہ ہونے سے ہزاروں مقدمات التوا کا شکار ہو رہے ہیں، مقدمات کے چالان عدالتوں میں پیش نہ کرنے اور مقدمات میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر ضلعی عدلیہ کے جوڈیشل افسر کے پولیس ملازمین کے وارنٹ جاری کرنے پر مجبورہو چکے ہیں، جوڈیشل افسران روزانہ کی بنیاد پر بیس سے زائد پولیس افسروں کے وارنٹ جاری کر رہے ہیںجبکہ مقدمات کے چالان جمع نہ کروانے پر پولیس افسروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کے مراسلے بھی جاری ہو رہے ہیںلیکن پولیس افسروں وارنٹس اور محکمانہ کارروائی کے مراسلوں کے باوجود چالان بروقت عدالتوں میں جمع نہیں ہو رہے ۔