سکولوں میں تدریسی عملہ کی کمی پوری او ر ہسپتالوں میں ادویات فراہم کی جا رہی ہیں : منتظر خان

سکولوں میں تدریسی عملہ کی کمی پوری او ر ہسپتالوں میں ادویات فراہم کی جا رہی ...

چارسدہ (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان نے کہا ہے کہ سکولوں میں تدریسی عملہ اور ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر پوری کی جا رہی ہے ۔ آئس سمیت دیگر منشیات کے خاتمے اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں اور طلباء کیلئے پبلک لائبریری عنقریب قائم کی جائیگی ۔ ناظمین کونسلروں کے مشاورت کے بغیر فنڈز کے استعمال سے گریز کریں ۔ وہ چارسدہ میں کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے۔کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر طلعت فہد ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ اور سرکاری محکموں کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔ کھلی کچہری میں شرکاء جماعت اسلامی کے نوید خان ، فواد ، عمیر امجد ، شاہنواز ، الیاس ،پی ٹی آئی کے جہانگیر رضا ،اور دیگر نے مسائل کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ ولی خان سپورٹس کمپلکس میں انٹری فیس زیادی ہونے کی وجہ سے کھلاڑی اور عام شہری کمپلکس کے سہولیات سے محروم ہیں ۔منتخب بلدیاتی نمائندے فنڈز میں خرد بر د کر رہے ہیں۔ ڈرگ انسپکٹر اپنے فرائض میں غفلت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے دو نمبر ادویات کی فروخت عروج پر ہے ۔ گلی کوچوں میں غیر مستند عطائی ڈاکٹرز انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری کے شرکاء کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل پر اظہار خیال کر تے ہوئے کہاکہ ریاستی ادارے عوام کے ٹیکسوں پر چلتے ہیں اور عوام کے فلاح و بہبود کے تمام ادارے اس بات کے پابند ہیں کہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوام کے دیرینہ مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہاکہ سکولوں میں تدریسی عملہ اور ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر پوری کی جا رہی ہے ۔ آئس سمیت دیگر منشیات کے خاتمے اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں اور طلباء کیلئے پبلک لائبریری عنقریب قائم کی جائیگی ۔ ناظمین کونسلروں کے مشاورت کے بغیر فنڈز کے استعمال سے گریز کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ شرکاء کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل جلد از جلد حل کئے جائینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر