عوام نوازشریف کااستقبال کرنے کیلئے بیتاب ہیں،نورین عارف

عوام نوازشریف کااستقبال کرنے کیلئے بیتاب ہیں،نورین عارف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفرآباد(بیورورپورٹ )آزاد کشمیر کی وزیر صنعت و سماجی بہبود نورین عارف نے کہا ہے کہ عوام پانچ فروری کو اپنے قائد میاں محمدنواز شریف کے استقبال کے لئے بیتاب ہیں ۔ حلقہ کوٹلہ کے عوام اس تاریخی جلسہ میں اپنی بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں ۔ پانچ فروری کو غیور عوام ثابت کر دیں گے کہ وہ نواز شریف کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ۔ میاں نوازشریف نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر بیباک اور واضح انداز میں اجاگر کیا ۔ انہوں نے حلقہ کوٹلہ کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ پانچ فروری کے جلسہ کے انتظامات کو حتمی شکل دیں ۔ کوٹلہ کے ہر گاؤں تک میاں محمد نوا ز شریف کی آواز پہنچائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اسمبلی ہاسٹل مظفرآباد میں حلقہ کے کارکنوں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ضلعی صدر ڈاکٹر راجہ محمد عارف خان ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی پٹہکہ راجہ عبداللہ خان، صدر حلقہ کوٹلہ راجہ امتیاز، اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔ وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے شیر آزاد کشمیر بھر سے پانچ فروری کے جلسہ میں شرکت کر کے میاں نواز شریف سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کریں گے ۔ پانچ فروری کو میاں نواز شریف کا جلسہ تاریخی نوعیت کا ہوگا جسکی مثال صدیوں نہیں ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نظریے کا نام بن چکا ہے ۔نواز شریف کو دنیا کی کوئی طاقت عوام سے الگ نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلو ں سے نواز شریف کی عوامی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ نواز شریف جہاں بھی گے ہیں عوام نے انکا بھر پور استقبال کیا ہے ۔ پانچ فروری کو آزاد کشمیر میں انکا تاریخی استقبال کر کے ایک نئی مثال قائم کی جائیگی۔