نہال ہاشمی کو سزا ملنا نواز شریف کے لیے بڑا پیغام ہے، ضیاء الحسن لنجار

نہال ہاشمی کو سزا ملنا نواز شریف کے لیے بڑا پیغام ہے، ضیاء الحسن لنجار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کو سزا ملنا نواز شریف کے لیے ایک بڑا پیغام ہے۔مجھے کیوں نکالا کا رونا رونے والے میاں صاحب کراچی میں بھی اسی بات پر روتے نظر آئے۔کراچی میں میاں نواز شریف کے خطاب اور نہال ہاشمی کی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ لگتا ہے سارے نااہل رہنما( ن) لیگ میں شامل ہیں۔(ن )لیگ کے بعد اگلی باری عمران خان اور اس کی پارٹی میں چھپے لٹیروں کی ہوگی۔میاں صاحب نے سندھ آنے میں بڑی دیر کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی نوازشریف کا خاص ایجنٹ تھا جس نے سندھ میں بدبودار سیاست کرنے کی کوشش کی،شوباز شریف بھی تیاری کریں اب ان کی باری آنے والی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاق نے سندھ کا بجٹ بھی لاہور میں خرچ کردیاہے ، نواز شریف کو اس کا بھی جواب دینا چاہیے ۔نواز شریف دوسرے صوبوں کو چھوٹی دکان اور لاہور کو پاکستان سمجھتے ہیں۔نواز شریف نے اپنی ہی حکومت کو ختم کرنے کی ٹھان لی ہے۔نواز شریف کا سیاسی شہید بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے بجٹ سے کراچی شہر کو صاف ستھرا اور سڑکیں بنوانے کہ ساتھ ساتھ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر