ٹیکسز وصولی بہتر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں، مکیش کمار چاولہ

ٹیکسز وصولی بہتر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں، مکیش کمار چاولہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے ہدایت کی ہے کہ ہاوسنگ اسکمیز کے اندر تجارتی ، صنعتی اور رہائشی تعمیرات کی تفصیلات جلد از جلد مکمل کرکے انہیں ٹیکس کے دائرے میں لائیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی ، ڈائریکٹر ٹیکسز ون اختر آزاد اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی وصولی پر خصوصی توجہ دیں اور اس میں درپیش خامیوں کا ازالہ کرتے ہوئے ان کا سدباب کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سینماوں کو ٹیکس کے دائرے میں لانے کے سلسلے میں ان کی اسیسمنٹ کی گئی تاہم ابھی ان سے جائیداد ٹیکس کی وصولی کرنی باقی ہے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے افسران سے کہا کہ وہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائیں اور نئی تعمیر ہونے والی جائیدادوں کوبھی ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے تاکہ قومی خزانے میں اضافہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ انٹرٹینمنٹ ونگ کراچی کی ادائیگی اسٹمپ ڈیوٹی کے ذریعے کی جائے اور کیش ادائیگی نہ کی جائے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے محکمے کی جانب سے منشیات کے خلاف آگہی کے لئے اسکولز کے مابین ٹیبلوز کے مقابلے منعقد کرنے کے پروگرام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کہ وہ ایسے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کرواتے رہیں گے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں خاص کر نوجوان نسل کو منشیات کے استعمال سے دور رکھیں اور ہر صورت معاشرے سے منشیات کا خاتمہ کریں۔