زم زم کنوئیں کا توسیعی منصوبہ وقت مقررہ پر مکمل ہو گا: شیح عبدالرحمان السدیس

زم زم کنوئیں کا توسیعی منصوبہ وقت مقررہ پر مکمل ہو گا: شیح عبدالرحمان السدیس
زم زم کنوئیں کا توسیعی منصوبہ وقت مقررہ پر مکمل ہو گا: شیح عبدالرحمان السدیس

  

ریاض(این این آئی)ادارہ امور حرمین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے زم زم منصوبے کا اچانک دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیاہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرم مکی شریف میں زم زم کنوئیں میں ترمیم کی ہدایات جاری کی تھی جس پر کام جاری ہے۔ شیخ السدیس نے زم زم کنوئیں پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا اس دوران چیف انجینئر نے انہیں تمام مراحل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے مکمل ہونے والے کام کے بارے میں بتایا کہ زم زم منصوبہ وقت مقررہ کے مطابق چل رہا ہے۔اور72 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس موقع پر شیخ السدیس نے کہا کہ منصوبہ کافی بہتر طور پر جاری ہے امید ہے کہ وقت مقررہ یا اس سے قبل مکمل ہو جائے گا جبکہ زم زم کنوئیں کی توسیع اور از سرنو مرمت کے بعد پانی کی روانی مزید بہتر ہو جائے گی ۔ حرم شریف میں آنے والے زائرین اور معتمرین کی سلامتی کو بھی مدنظر رکھ کر کام کیا جاتا ہے تاکہ کسی کو نقصان نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ خادم الحرمین الشریفین مقامات مقدسہ کے توسیعی منصوبوں کے حوالے سے انتہائی حساس ہیں اور ترقیاتی امور کے بارے میں مسلسل رپورٹ حاصل کرتے رہتے ہیں۔واضح رہے ز م زم کے کنوئیں کی ازسر نو مرمت اور اسے مزید بہتر کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر 24 گھنٹے کام جاری ہے۔ تعمیراتی منصوبے کی وجہ سے مطاف کو محدود کر دیا گیا ہے تاکہ کام میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو او رمنصوبہ اپنے وقت مقررہ کے مطابق جاری ہے۔

لائیو ٹی وی دیکھنے کے لئے اس لنک پر کلک کریں

مزید : عرب دنیا