ملک بھر میں ہونے والے جعلی پولیس مقابلوں میں شہریوں کی ہلاکت،وفاقی وزیر نے معاملہ کابینہ میں اٹھانے کا اعلان کر دیا

ملک بھر میں ہونے والے جعلی پولیس مقابلوں میں شہریوں کی ہلاکت،وفاقی وزیر نے ...
 ملک بھر میں ہونے والے جعلی پولیس مقابلوں میں شہریوں کی ہلاکت،وفاقی وزیر نے معاملہ کابینہ میں اٹھانے کا اعلان کر دیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علماء اسلام (ف)سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز  مولاناامیر زمان نے ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص سندھ میں جعلی پولیس مقابلوں میں شہریوں کی ہلاکتوں کی معاملہ کابینہ میں اٹھانے کا اعلان کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر  برائے پوسٹل سروسز مولاناامیر زمان نے  کہا کہ قبائلیوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، ان کا احتجاج برحق ہے، اس ملک میں صرف نقیب اللہ محسود  ہی نہیں بلکہ سینکڑوں شہریوں کو جعلی پولیس مقابلوں  میں مارا گیا ہے اور اب یہ سارے ملک کا مسئلہ بن گیا ہے،سب سے زیادہ پشتون ، بلوچ اور قبائل متاثر ہوئے ہیں ،پشتونوں کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں متعلقہ سرکاری اداروں ،انتظامی مشینری اور پولیس سے کہنا چاہتا ہوں کہ جعلی پولیس مقابلوں میں شہریوں کو مارنے جیسے واقعات سے ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال کا خدشہ ہے ،قبائل کے احتجاج سے سبق سیکھیں اور اپنے شہریوں پر زندگی کو تنگ نہ کریں، جعلی پولیس مقابلوں کا معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھاؤں گا ۔

مزید : قومی