سپریم کورٹ، مقامی حکومتیں وقت سے پہلے ختم کرنے پر پنجاب حکومت سے جواب طلب 

  سپریم کورٹ، مقامی حکومتیں وقت سے پہلے ختم کرنے پر پنجاب حکومت سے جواب طلب 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  اسلام آباد(آئی این پی) سپریم کورٹ نے پنجاب میں مقامی حکومتیں وقت سے پہلے ختم کرنے پر پنجاب حکومت سے 4فروری تک تحریری جواب طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کیس کی 28جنوری کی سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ پنجاب میں مقامی حکومتیں وقت سے پہلے تحلیل کی گئیں جسے چیف الیکشن کمشنر نے غیرقانونی قرار دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن اور خیبرپختونخوا حکومت پیشرفت رپورٹ جمع کرائیں۔ عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ 8نومبر کے حکم نامے میں قرار دیا تھا لوگوں کو جمہوریت سے محروم رکھنے کا عمل ختم ہونا چاہیے، جبکہ گزشتہ حکم نامہ میں قرار دیا تھا الیکشن کمشنر، وزیراعلی کے پی اور کابینہ آئین پر عمل نہیں کر رہے، حالانکہ ہر آئینی عہدیدار قانون اور آئین پر عملدرآمد کا حلف اٹھاتا ہے۔ عدالت نے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر سندھ، بلوچستان اور پنجاب حکومتوں کو نوٹس جاری کئے جبکہ خیبرپختونخوا اور وفاق کو پہلے ہی نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں، کیس کی مزید سماعت جمعرات 4 فروری کو ہوگی۔
سپریم کورٹ 

مزید :

صفحہ آخر -