انرولمنٹ ڈرائیو کے تحت 10 لاکھ بچوں کو سکول واپس لایا جائیگا، مراد راس
لاہور (لیڈی رپورٹر)وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے قائد ہیڈکوارٹرز وحدت روڈ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سکول انرولمنٹ ڈرائیو کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی تیاری مکمل ہے، والدین بچوں کو ضرور سکول بھیجیں۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ سکولوں سے باہر طلبا کو واپس لانے کا معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور کورونا وباء کی بدولت گزشتہ ایک سال کے دوران طلباء کی سکول چھوڑنے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اسی لئے سکول انرولمنٹ ڈرائیو 2021-2022 کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ بچوں کو ان کے بہتر اورروشن مستقبل کے لئے سکولوں میں واپس لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر قطعاً غلط ہے کہ بچوں کی انرولمنٹ کی ذمہ داری اساتذہ پر ہوگی، اساتذہ کا کام صرف پڑھانا اور ان کی مکمل توجہ اسی کام پر مرکوز رہے گی۔ ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ انرولمنٹ ڈرائیو کے تحت کام کرنے اور طلبا کو سکول واپس لانے کی ذمہ داری تمام اضلاع کے سی ای او صاحبان، اے ای اوز، والدین، اور سکولز کانسلز کی ہو گی۔صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ اس مہم کے آغاز کے موقع پر 10 لاکھ بچوں کو سکول میں واپس لانے کا ہدف رکھا کیا گیا ہے۔تاریخ میں پہلی بار سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام والدین کو پابند کیا ہے کہ وہ بچوں کے ب فارم جمع کروائیں۔ڈاکٹر مراد راس نے والدین سے خصوصی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو لازمی سکول بھیجیں۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں صوبے بھر میں آن گراؤنڈ موجود ہیں اور اس مد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہرممکن یقینی بنایا جائے گا۔
مراد راس