افسران عوامی خدمت، جدید کمیونٹی پولیسنگ کو اپنا شعاربنائیں: آئی جی 

افسران عوامی خدمت، جدید کمیونٹی پولیسنگ کو اپنا شعاربنائیں: آئی جی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لا ہو ر (کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پولیس فورس کو پیشہ ورانہ طور پر مزید مضبوط اورفعال فورس بنانے میں سپر وائزری افسران کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا نوجوان افسران ہائی پروفیشنل اسٹینڈرڈ کو فالو کرتے ہوئے عوامی خدمت اور جدید کمیونٹی پولیسنگ کا اپنا شعار بنائیں اور معاشرے سے جرائم کے قلع قمع اور سروس ڈلیوری میں مزید بہتری کیلئے اپنی تمام ذہنی، فکری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو احسن انداز میں بروئے کار لائیں کیرئیر کے آغاز پر چیلجنگ پوزیشنز پر پوسٹنگ کو ترجیح دیں تاکہ آپکی گرومنگ کا عمل بہتر سے بہتر ہوسکے اور آپ مستقبل میں آنیوالی پیشہ ورانہ مشکلات اور نشیب و فرا ز سے بہتر طور پر نبرد آزما ہوسکیں۔  اوپن ڈور پالیسی کے ساتھ افسر کی بجائے شہریوں کے خدمت گاربن کر انہیں انصاف اور سہولت فراہم کریں جبکہ ماتحت فور س کے ساتھ نرم گفتاری، شائستگی اور بہتر رویہ اپنایا جائے تاکہ وہ بھی خلوص نیت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اور بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں ۔ ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس میں سینتالیسویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام میں شامل اے ایس پیز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیشنل پولیس اکیڈمی، اسلام آباد سے آئے سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام وفد میں 3خواتین اے ایس پیز سمیت 18زیر تربیت افسران شامل تھے۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان نے وفد کو پنجاب پولیس کی ورکنگ اورآپریشنل طریقہ کارکے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی شاہد حنیف، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ علی عامر ملک، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کنور شاہ رخ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن فیاض احمد دیو، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ عبد الکریم، ڈی آئی جی لیگل جواد احمد ڈوگر، ڈی آئی جی ٹریننگ ڈاکٹرسلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز شہزادہ سلطان ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر اور اے آئی جی آپریشنز غازی صلاح الدین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے تجربات کی بناء پر نوجوان افسران کو مستقبل کے حوالے سے اہم ہدایات دیں۔ دورے کے اختتام پرآئی جی پنجاب انعام غنی اور وفد کے مابین اعزازی سووینئیرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

مزید :

علاقائی -